کیلیفورنیا : گوگل نے اپنے سرچ میں موجود AI موڈ میں ایک نیا فیچر شامل کیا ہے جو تصویری اور ویژول سرچز کو زیادہ موثر اور کارآمد بنائے گا۔ اس سے قبل جب صارفین تصاویر کے حوالے سے سوالات کرتے تھے تو AI موڈ زیادہ تر ٹیکسٹ پر انحصار کرتا تھا، جو کہ کافی غیر مناسب محسوس ہوتا تھا۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے اس مسئلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی سرچز میں صرف ٹیکسٹ دیکھنا ایک طرح سے مضحکہ خیز تھا، اسی لیے کمپنی نے اپنی AI سرچ ٹیکنالوجی کو اپڈیٹ کیا ہے۔
اب صارفین کسی بھی تصویر یا ویڈیو کے ذریعے سرچ شروع کر سکتے ہیں اور AI بوٹ زیادہ بہتر اور جامع جوابات دے گا۔ یہ نیا ملٹی ماڈل فیچر خاص طور پر شاپنگ کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہوگا کیونکہ صارف آسانی سے تصویروں کی بنیاد پر سوالات کر کے مطلوبہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں، ابتدائی جواب کے بعد صارفین مزید فالو اپ سوالات بھی کر سکیں گے تاکہ سرچ کے نتائج اور زیادہ بہتر بن جائیں۔گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے اور آنے والے ہفتوں میں سب کو دستیاب ہو جائے گا۔