کیلیفورنیا : انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے اپنے سب سے جدید اور طاقتور AI سرچ فیچر ’AI موڈ‘ کو دیگر ممالک کے بعد اب پاکستان میں بھی متعارف کرا دیا ہے۔ یہ فیچر سال کے شروع میں پہلے امریکا میں لانچ کیا گیا تھا اور اب دنیا بھر میں بہت مقبول ہو رہا ہے۔
گوگل کے مطابق ’AI موڈ‘ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے بہت مددگار ہے جو تحقیق کرنا چاہتے ہیں، مصنوعات کا موازنہ کرنا چاہتے ہیں، سفر کی منصوبہ بندی کرتے ہیں یا پیچیدہ ’ہاؤ-ٹو‘ سوالات کے جوابات چاہتے ہیں۔
یہ فیچر Gemini 2.5 کے کسٹم ورژن پر مبنی ہے اور صارفین کو ایک ہی بار میں طویل اور پیچیدہ سوالات کرنے کی سہولت دیتا ہے، جو پہلے کئی سرچز سے ممکن ہوتے تھے۔
ابتدائی تجربات کے مطابق ’AI موڈ‘ میں کیے گئے سوالات روایتی سرچ کے مقابلے میں دو سے تین گنا زیادہ تفصیلی ہوتے ہیں۔
پاکستانی صارفین اس فیچر کو مختلف طریقوں سے استعمال کر سکتے ہیں۔ مثلاً، اگر کوئی صارف پوچھے کہ ’’اکتوبر میں ہنزہ کے لیے پانچ روزہ سیاحتی اور کھانوں پر مبنی پروگرام تجویز کریں اور ہنزہ کی مقامی ڈشز کون سی ہیں؟‘‘ تو اسے مکمل اور مفصل جواب ملے گا۔
اسی طرح اگر کوئی والدین پوچھیں کہ ’’میرا بچہ نویں جماعت میں ہے اور ریاضی میں مشکل محسوس کر رہا ہے، کیا آپ مفت آن لائن تعلیمی وسائل بتا سکتے ہیں؟‘‘ تو AI موڈ ان کے لیے درست اور مفید معلومات فراہم کرے گا۔