کیلیفورنیا : گوگل نے اپنے سرچ انجن کے اے آئی موڈ کو دنیا کے 200 سے زائد ممالک اور خطوں میں متعارف کرا دیا ہے، جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اب صارفین اس جدید فیچر کو اپنی پسندیدہ زبانوں میں، بشمول اردو، استعمال کر سکتے ہیں۔
مارچ 2025 میں بطور پریویو شروع ہونے والا یہ فیچر اب مزید 40 خطوں میں دستیاب ہے اور اس نے 35 زبانوں کی سپورٹ حاصل کر لی ہے۔
گوگل کی بلاگ پوسٹ کے مطابق، نئے جیمنا ئی ماڈلز کی بدولت سرچ انجن کی صلاحیتیں بہت بہتر ہوئی ہیں، اور صارفین اپنے سوالات کو ایک قدرتی اور آسان انداز میں پوچھ سکتے ہیں۔
لوگ اے آئی موڈ کے ذریعے عام سرچ کے مقابلے میں تقریباً تین گنا لمبے اور پیچیدہ سوالات پوچھنا پسند کرتے ہیں، اور ابتدائی جواب کے بعد فالو اپ سوالات کر کے اپنی تلاش کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔
حال ہی میں گوگل نے ویژول پروموٹ کو بھی اس اے آئی موڈ میں شامل کیا ہے، جو تصاویر اور بصری مواد کو سمجھنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔یہ پیشرفت سرچ انجن کو زیادہ ذہین اور صارف دوست بنانے میں مدد دے گی، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو اپنی مادری زبان میں بہتر نتائج چاہتے ہیں۔