بحرین : وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے بحرین کے دورے کے دوران بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں ہونے والا شاندار استقبال اور مہمان نوازی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ منامہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بحرین کے عوام سے اپنے مضبوط تعلقات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہاں آ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے دوسرے گھر میں ہوں۔
شہباز شریف نے پاکستان اور بحرین کے تعلقات کو ’’دو جسم نہیں بلکہ دو روحیں اور ایک دل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جو باہمی احترام، ثقافت اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہیں۔
وزیرِاعظم نے اپنے دورۂ بحرین کا مقصد واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات، خصوصاً معاشی شعبوں میں نئی پیشرفت اور مضبوط شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
شہباز شریف نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں بحرین میں مقیم پاکستانیوں نے 484 ملین ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجیں، جس پر انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیرِاعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان جی سی سی ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ معاہدے کو اہمیت دیتا ہے، کیونکہ اس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر بحرین کے عوام اور قیادت سے اظہار تشکر کیا۔
بحرین کے وزیر خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے رشتے تاریخ سے جڑے ہیں، وزیراعظم پاکستان کی موجودگی ہمارے رشتوں کی تجدید ہے۔
شہباز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بحرین مل کر عظیم کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں، اور پاکستان بحرین کی ترقی سے سیکھنے اور آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہے۔