ثالثی کیلئے پاکستان سے کوئی رابطہ نہیں کیا: حوثی باغی

ثالثی کیلئے پاکستان سے کوئی رابطہ نہیں کیا: حوثی باغی
کیپشن: پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے جو کہا ہے اس پر غور کریں گے، حوثی باغی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

صنعا: یمن کے حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ ثالثی کے لیے پاکستان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے جو کہا ہے اس پر غور کریں گے۔

یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ثالثی کے لیے نہ ہی کسی سے رابطہ تھا اور نہ ہے۔ کوئی بھی یمن کی جنگ کے خاتمے کے لیے کوشش کرے گا تو تعاون کریں گے۔

حوثی باغیوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے جو کہا ہے اس پر غور کریں گے۔

واضح رہے کہ یمن کی جنگ میں ثالث کا کردار ادا کرنے کے وزیر اعظم عمران خان کے بیان کے سامنے آنے کے بعد یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے یمن کے اپوزیشن لیڈر کے کہنے پر اس تنازع کے فریقین کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے چند روز قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی تھی۔