پنجاب اور سندھ حکومت کا شاکر شجاع آبادی کے علاج کا اعلان

 پنجاب اور سندھ حکومت کا شاکر شجاع آبادی کے علاج کا اعلان
کیپشن: پنجاب اور سندھ حکومت کا شاکر شجاع آبادی کے علاج کا اعلان
سورس: فائل فوٹو

مظفر گڑھ: سرائیکی زبان کے معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کے بیٹے ولید شاکر نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب حکومت کے علاوہ سندھ حکومت نے بھی ان کے والد کا علاج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ روز شاکر شجاع آبادی کی کسمپرسی کی حالت میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس میں انہیں موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈاکٹر کے پاس جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شاکر شجاع آبادی کے بیٹے ولید نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے پاس اور کوئی سواری نہیں تھی اور نہ ہی ان کے پاس کار یا ٹیکسی کے کرائے جتنے پیسے تھے اس لیے ان کے والد کو پٹھوں میں تکلیف کی شکایت کے بعد علاج کے لیے موٹر سائیکل پر لے جایا گیا۔

ولید شاکر شجاع آبادی نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ پہلی مرتبہ ان کے والد کو مذکورہ حالت میں لے جایا گیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی انہیں علاج کے لیے ایسے ہی لے جایا جاتا رہا ہے، کیوں کہ ان کے پاس دوسری سواری نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ ان کے والد کو کوئی بڑی بیماری یا موذی مرض نہیں ہے بلکہ انہیں پیدائشی پٹھوں کی سوجن اور درد کی شکایت ہے اور زائد العمری کی وجہ سے ان کی تکلیف میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ولید شاکر شجاع آبادی کے مطابق ان کے والد کے پٹھے پیدائش کے فوری بعد ہی ابنارمل ہوگئے تھے اور بڑھتی عمر کے ساتھ ان میں مزید مسائل پیدا ہو گئے لیکن اب زائد العمری کی وجہ سے ان کی تکلیف بڑھ چکی ہے۔

معروف سرائیکی شاعر کے بیٹے نے کہا کہ اگر انہیں کار یا ٹیکسی فراہم کی جائے تو وہ والد کو محفوظ اور آسان طریقے سے علاج و معالجے کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کر سکیں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ والد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سندھ اور پنجاب حکومت کے نمائندوں نے ان سے رابطہ کر کے انہیں والد کے علاج کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔