Get Alerts

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول مذاکرات کی تیسری نشست آج ہوگی

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول مذاکرات کی تیسری نشست آج ہوگی

استنبول: پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات میں ابھی تک کوئی نمایاں پیشرفت نہیں ہو سکی۔ تاحال دو نشستوں کے دوران کوئی معقول نتیجہ حاصل نہیں ہو سکا، اور آج تیسری نشست کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق، استنبول میں 30 گھنٹوں تک جاری رہنے والی دو نشستوں میں پاکستان نے افغان طالبان کے سامنے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا واضح موقف پیش کیا، لیکن طالبان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی لچک نہیں دکھائی گئی۔ پاکستان نے فتنہ الخوارج کے خلاف کوئی نرمی نہ دکھانے کا فیصلہ کیا اور افغان سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف دستاویزی ثبوت بھی طالبان کے سامنے رکھ دیے۔

پاکستان نے واضح کیا کہ افغان طالبان کی جانب سے دہشت گردوں کی سرپرستی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاکستانی وفد نے اپنے موقف میں کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افغان طالبان کو ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے، لیکن طالبان کے دلائل غیر منطقی اور زمینی حقائق سے ہٹ کر ہیں۔

پاکستانی وفد کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذاکرات میں شریک افغان طالبان کا ایجنڈا پاکستان، افغانستان اور خطے کے استحکام کے لیے نقصان دہ نظر آ رہا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مذاکرات میں مزید پیشرفت افغان طالبان کے رویے پر منحصر ہے، اور اگر طالبان مثبت رویہ اپناتے ہیں تو بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے۔

ٹیگز: