لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز کے ساتھ نئے 10 سالہ معاہدوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ایس ایل کی چھ فرنچائزز کے موجودہ معاہدے دسمبر میں ختم ہو رہے ہیں، اور اب پی سی بی فرنچائزز کی تعداد 8 تک پہنچانے کی تیاری کر رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل کی چارٹرڈ فرم کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران ان نئے معاہدوں کی تیاریوں کے آخری مراحل کا جائزہ لیا۔ اس ملاقات میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر اور سی او او سمیر سید بھی موجود تھے۔ ویلیوایشن فرم نے محسن نقوی کو پی ایس ایل کی تازہ ترین ویلیوایشن رپورٹ پیش کی، جس پر چیئرمین نے سوالات کیے اور ساتھ ہی فرنچائزز سے ملاقات کی ہدایت بھی دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے فرنچائز معاہدے ویلیوایشن رپورٹ کی بنیاد پر طے کیے جائیں گے، جس میں فرنچائزز کی مارکیٹ ویلیو کو مدنظر رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ، چارٹرڈ فرم فرنچائزز کی نئی مارکیٹ ویلیو کا تعین کرے گی تاکہ نئے معاہدوں میں شفافیت اور برابری یقینی بنائی جا سکے۔
پی سی بی کے مطابق، پی ایس ایل کی فرنچائزز کا معاہدہ دسمبر میں ختم ہو رہا ہے اور نئے معاہدے صرف اہل فرنچائزز کے ساتھ کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد پی ایس ایل کو مزید مستحکم اور کامیاب بنانا ہے، ساتھ ہی فرنچائزز کے درمیان مالی تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔