اسلام آباد:اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیرِاعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی ایوانِ صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں آئندہ سیاسی حکمتِ عملی واضح کر دی۔
ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ن لیگ آزاد کشمیر میں حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ "ہم نے صدرِ مملکت کو اپنے فیصلوں پر اعتماد میں لیا ہے، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر حکومت میں شامل نہیں ہوگی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کو آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت پر اعتماد نہیں، اسی لیے تحریکِ عدم اعتماد میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا جائے گا۔رانا ثنا اللہ کے مطابق آزاد کشمیر کی حکومت عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ "آزاد کشمیر کا موجودہ سیٹ اپ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا، ہم نے بحران سے نکلنے کے لیے کمیٹی قائم کی ہے۔"
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ "آزاد کشمیر میں سیاسی استحکام لانا ناگزیر ہے۔ موجودہ حکومت مسائل حل کرنے کے بجائے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے، اس لیے پیپلز پارٹی نے عدم اعتماد کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں بیٹھ کر پیپلز پارٹی کی تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت کرے گی۔