مظفرآباد : آزاد کشمیر میں وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر پیپلز پارٹی کی صفوں میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ پارٹی کے اندر وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدواروں کی تعداد چار تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری لطیف اکبر، چوہدری یاسین، فیصل راٹھور اور سردار یعقوب نے اپنی امیدواریاں پیش کر دی ہیں، جبکہ ہر امیدوار کی اپنی لابنگ جاری ہے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت کا دعویٰ ہے کہ اسے 36 ارکان کی حمایت حاصل ہے، تاہم ابھی تک تحریکِ عدم اعتماد باضابطہ طور پر جمع نہیں کرائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت حتمی امیدوار کے نام پر اتفاق رائے قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔
اسی تناظر میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے صورتحال پر مشاورت کے لیے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے، جس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کیے جانے کا امکان ہے۔