لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گندم سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سیف سٹی نے بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید، اسپیشل سیکرٹری برائے امن و امان سیف انور جپہ اور ایڈیشنل سیکرٹری کماڈیٹیز خالد بشیر سیف سٹیز اتھارٹی پہنچے جہاں انہیں آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز اور سی اے او عمارہ اطہر نے گندم سمگلنگ کے خلاف سیف سٹی کی کارروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا کہ پنجاب بھر میں 500 سے زائد اسمارٹ کیمروں کے ذریعے بارڈر پوائنٹس اور حساس مقامات کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے۔ کیمروں کی مدد سے اب تک 16 ہزار سے زائد الرٹس موصول ہوئے اور 45 مشتبہ گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ سیف سٹی کی جدید ٹیکنالوجی گندم کی اسمگلنگ اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ پولیس، فوڈ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں تاکہ گندم کی مارکیٹ کو محفوظ اور مستحکم بنایا جا سکے۔