Get Alerts

پنجاب محنت کر رہا ہے، باقی لوگ صرف تنقید میں مصروف ہیں: مریم نواز

پنجاب محنت کر رہا ہے، باقی لوگ صرف تنقید میں مصروف ہیں: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب بھرپور طریقے سے کام کر رہا ہے جبکہ دیگر لوگ صرف تنقید کر رہے ہیں، تنقید کرنے والے خود بھی اگر اپنے صوبوں میں کام کریں تو عوام کی بھلائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں سیلاب سروے مہم کے رضاکاروں سے حلف لیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رضاکار سیلاب زدگان کے نقصانات کا اندازہ لگانے نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب کے کنارے سیلاب آیا ہے جس سے تقریباً 25 شہروں کو نقصان پہنچا ہے، اور حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مریم نواز نے خواجہ سلمان رفیق کی قربانیوں کو سراہا جو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، جبکہ مریم اورنگزیب نے مظفر گڑھ کے گاؤں میں طویل وقت گزار کر ریلیف کے کاموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے پنجاب کی کابینہ اور اداروں جیسے پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور پولیس کو بھی ان کے بھرپور تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے انخلا اور ریلیف آپریشنز میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، اور یہ پہلا صوبہ ہے جس نے بروقت 25 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ مریم نواز نے بتایا کہ کلینک آن ویلز اور موبائل اسپتالوں کے ذریعے سیلاب زدگان کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ سیلاب کے بعد کوئی وبا نہیں پھیلی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تنقید کرنے والے اپنے صوبوں میں کام کرنے کی کوشش کریں، کیونکہ پنجاب میں کام ہو رہا ہے اور اسی وجہ سے تنقید ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود جہاں ضرورت ہو وہاں پہنچتی ہیں اور عوام کے دکھ درد میں برابر شریک ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جو کام کیاجاتا ہے، وہ خود بخود سامنے آجاتا ہے، اور کیمرے سے بچنا آسان نہیں جب کام سر انجام دیا جا رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبے صرف پنجاب پر تنقید کرتے ہیں کیونکہ کام صرف پنجاب میں ہوتا ہے۔ انہوں نے تنقید کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے کام پر توجہ دینے کا عندیہ دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نہ صرف سیلاب کا مقابلہ کیا بلکہ ترقیاتی منصوبے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں گرین بسیں بھی شامل ہیں جو شہروں میں چل رہی ہیں۔ انہوں نے پیر پگارا کی تعریف کا بھی ذکر کیا جنہوں نے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تحسین کی اور کہا کہ سیلاب کا اثر جلد ختم ہو جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ سردیوں کے پیش نظر متاثرین کے لیے کھانے پینے اور رہائش کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، اور نقصانات کا جائزہ لے کر مکمل ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی خدمت کرنا ان کا اولین فرض ہے اور وہ اس ذمہ داری کو نبھائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پنجاب آتے ہیں وہ حیران رہ جاتے ہیں کہ پنجاب پاکستان کا الگ جزو لگتا ہے، کیونکہ یہاں زیادہ تر وقت مسلم لیگ ن کی حکومت رہی ہے جو عوام کے قریب ہے اور ان کے مسائل کو سمجھتی ہے۔

ٹیگز: