Get Alerts

ایشین گیمز: نور زمان نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی

ایشین گیمز: نور زمان نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی

کراچی: پاکستان کے عالمی انڈر 23 سکواش چیمپیئن نور زمان نے ایشین گیمز 2026 کے مینز انفرادی مقابلے میں ہم وطن اشعب عرفان کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایونٹ کے پوزیشن میچ میں نور زمان نے اشعب عرفان کو 0-3 سے ہرا دیا۔ نور زمان نے ابتدائی دونوں گیمز 11-7 کے یکساں سکور سے جیتیں، جبکہ تیسرے گیم میں اشعب عرفان نے بھرپور مزاحمت کی۔ تاہم نور زمان نے 13-11 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

دونوں پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنل میں شکست کے بعد برونز میڈل کے حقدار قرار پائے تھے، تاہم تیسری اور چوتھی پوزیشن کے تعین کے لیے ان کے درمیان میچ کھیلا گیا۔

22 سالہ نور زمان، جو عالمی رینکنگ میں 29ویں نمبر پر ہیں، نے اس کامیابی کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ عالمی نمبر 49 اشعب عرفان چوتھے نمبر پر رہے۔ اس مقابلے کا مقصد اہم عالمی ایونٹس، بشمول آئندہ اولمپکس، کے لیے سیڈنگ اور عالمی رینکنگ کو بہتر انداز میں ترتیب دینا ہے۔

سیمی فائنل میں نور زمان کو ملائیشیا کے عالمی نمبر 18 ایان یونگ نگ نے شکست دی تھی، جبکہ اشعب عرفان کو بھارت کے عالمی نمبر 16 ابھے سنگھ کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نور زمان سابق عالمی چیمپیئن قمر زمان کے پوتے ہیں۔

ٹیگز: