سری نگر : مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ایک اور سفاکانہ کارروائی کرتے ہوئے کشمیریوں کے مزید 5 گھروں کو تباہ کر دیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق، بھارتی فوج نے دھماکہ خیز مواد کا استعمال کرتے ہوئے کشمیریوں کے مکانات کو اڑایا، جن میں عام کشمیری شہریوں کے گھر شامل تھے۔ تباہ ہونے والے مکانات کی فہرست میں عامر نذیر وانی، جمیل احمد، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد کے والدین کے گھروں کے نام شامل ہیں۔
دھماکوں کے نتیجے میں نہ صرف ان مکانات کا مکمل صفایا ہوا بلکہ قریبی درجنوں گھروں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں 7 کشمیریوں کے آبائی گھروں کو تباہ کیا، جس کے نتیجے میں کئی خاندان بے گھر ہو گئے اور شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق، بھارتی فوج کا مقصد کشمیریوں کے عزم کو توڑنا اور ان پر اجتماعی سزا دینا ہے۔ بھارت کشمیری مسلمانوں کی زمین ہتھیانے کے لیے اسرائیلی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر کے انہیں بے گھر کر رہا ہے۔ یہ تمام کارروائیاں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہندو توا ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مقصد کشمیریوں کو بے گھر اور بے دخل کرنا اور مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے کشمیریوں پر ظلم کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور اپنے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔