افغان صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملہ، کابل ائیرپورٹ دھماکوں کا منصوبہ ساز داعش کا جنگجو ہلاک

افغان صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملہ، کابل ائیرپورٹ دھماکوں کا منصوبہ ساز داعش کا جنگجو ہلاک
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

واشنگٹن: امریکہ نے افغانستان کے صوبے ننگرہار میں ڈرون حملہ کر کے کابل ایئرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ مار دیا جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔ 
خبرایجنسی کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے کپتان بل اربن کا کہنا ہے کہ کابل ائیرپورٹ حملے کے منصوبہ ساز داعش کے جنگجو کو ٹارگٹ کرکے ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ اس حملے میں عام شہریوں کو کسی طرح کا نقصان نہیں پہنچا۔ 
واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے یہ حملہ کابل ائیرپورٹ پر دھماکوں کے بعد کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 13 امریکی اہلکاروں سمیت 170 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ 
مذکورہ حملوں کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کابل ائیرپورٹ پر حملہ کرنے اولوں کو بھولیں گے نہیں بلکہ انہیں ڈھونڈ نکالیں گے اور بدلہ لیں گے۔ 
دوسری جانب وائٹ ہاو¿س نے طالبان حکومت کو فوری تسلیم کرنے کے امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اتحادیوں کو طالبان حکومت تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں، شہریوں کے انخلا کیلئے امریکا اپنے سابق دشمن سے قریبی رابطے میں ہے۔
علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے افغان عوام کیلئے امداد کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امداد طالبان تک نہیں پہنچنے دیں گے اور افغانستان میں فنڈز کا استعمال براہ راست امریکہ کے ہاتھ میں ہوگا۔