اسلام آباد: پاور ڈویژن نے ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کرنے والی کمپنیوں (ڈسکوز) کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے دوران بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈسکوز اپنی آپریشنل ٹیموں کو چوکنا رکھیں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔ اس کے علاوہ، سب اسٹیشنز، فیڈرز اور کنٹرول رومز کی حفاظت کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
رپورٹ کے مطابق، پاور ڈویژن نے فلڈ مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا ہے جو ڈسکوز سے روزانہ دو مرتبہ صورتحال کی رپورٹ طلب کرے گا تاکہ حالات پر فوری نظر رکھی جا سکے۔
ہنگامی الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈسکوز مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کریں تاکہ سیلاب کی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔
پاور ڈویژن نے اس معاملے کو انتہائی حساس اور فوری قرار دیتے ہوئے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کے انفراسٹرکچر کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی بندش کے بغیر بجلی فراہم کی جا سکے۔