Get Alerts

پی ٹی اے نے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پانچ ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیے

پی ٹی اے نے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر پانچ ایل ڈی آئی کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیے

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پانچ لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) کمپنیوں کے لائسنس معطل کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر آپریشنز بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

معطل کی گئی کمپنیوں میں ورلڈ کال، وطین ٹیلی کام، وائز کمیونیکیشن، ٹیلی کارڈ اور سرکل نیٹ شامل ہیں۔ پی ٹی اے کی جانب سے ان کمپنیوں کو ایک ماہ کے اندر واجبات کی ادائیگی کا کہا گیا تھا، تاہم ہدایت پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اتھارٹی نے متعلقہ سیلولر موبائل آپریٹرز اور کلاس ویلیو ایڈڈ سروس فراہم کنندگان کو بھی ان کمپنیوں کو دی جانے والی تمام ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات فوری بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق، مختلف کمپنیوں کے ذمے اربوں روپے کے واجبات ہیں۔ وطین ٹیلی کام پر 6 ارب 25 کروڑ روپے، سرکل نیٹ پر 5 ارب 90 کروڑ روپے، ورلڈ کال پر 5 ارب 69 کروڑ روپے، ٹیلی کارڈ پر 4 ارب 7 کروڑ روپے، ملٹی نیٹ پر 1 ارب 41 کروڑ روپے اور ریڈٹون پر سب سے زیادہ 14 ارب 31 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

پی ٹی اے نے ان کمپنیوں کے کیسز کی علیحدہ علیحدہ سماعتیں کیں، مگر ادائیگیوں یا لائسنس کی تجدید کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔

مجموعی طور پر کمپنیوں پر 24 ارب روپے اصل رقم اور 56 ارب روپے لیٹ پیمنٹ سرچارج کی مد میں واجب الادا ہیں۔ ملک میں کل 13 ایل ڈی آئی کمپنیاں کام کر رہی ہیں، جن میں سے چار کے لائسنس 2024 میں تجدید کیے جا چکے ہیں، سات کمپنیوں کے لائسنس 2024 میں ختم ہو چکے ہیں، جبکہ دو کمپنیوں کے لائسنس بالترتیب 2025 اور 2026 میں ختم ہوں گے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ یونیورسل سروس فنڈ کے اے پی سی چارجز بھی گزشتہ کئی سالوں سے واجب الادا ہیں۔ یہ کارروائی وزارت آئی ٹی کے مراسلے اور عدالت کے فیصلوں کی روشنی میں کی گئی ہے۔

 
 

ٹیگز: