لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ سلمان علی آغا کو اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز خواجہ محمد نافع کو پہلی بار ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ شاداب خان بھی کندھے کی سرجری کے بعد ٹی 20 سکواڈ میں واپسی کر رہے ہیں۔
پاکستان کی ٹی 20 ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست میں سلمان علی آغا ، عبدالصمد ، ابرار احمد ، فہیم اشرف ، فخر زمان ، خواجہ محمد نافع ، محمد نواز ، محمد سلمان مرزا ، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ ، صاحبزادہ فرحان ، صائم ایوب ، شاداب خان ، عثمان خان اور عثمان طارق شامل ہیں ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم 4 اور 5 جنوری 2026 کو سری لنکا روانہ ہوگی اور وہاں 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز دمبولا میں 7، 9 اور 11 جنوری کو شیڈول ہیں۔ اس سیریز کا مقصد آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ کی تشکیل میں مدد فراہم کرنا ہے۔
پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کیا ہے۔ نوید اکرم چیمہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں ٹیم کے منیجر ہوں گے۔ دیگر کوچز میں مائیک ہیسن وائٹ بال کے ہیڈ کوچ، ایشلے نوفکی باؤلنگ کوچ، محمد حنیف ملک بیٹنگ کوچ، اور شین مکڈرموٹ فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔
اس کے علاوہ، کلف ڈیکن فزیوتھراپسٹ، گرانٹ لوڈن سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، طلحہ اعجاز ٹیم اینالسٹ اور سید نعیم احمد میڈیا منیجر ہوں گے۔ سکیورٹی کے انتظامات کے لیے کرنل عثمان انوری سکیورٹی منیجر ہوں گے، اور ڈاکٹر واجد علی رفائی اور محمد احسان مسیور ٹیم کے ڈاکٹرز ہوں گے۔