اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی، بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سرد موسم برقرار رہے گا۔ سندھ میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید سردی کا سامنا ہو گا، اور کوہستان، بٹگرام، چترال اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل شام مغربی ہوائیں داخل ہوں گی، جس کے بعد آئندہ ہفتے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ 30 اور 31 دسمبر کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
31 دسمبر سے 2 جنوری تک مختلف حصوں میں بارش اور برفباری جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ 29 سے 31 دسمبر تک مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، اور دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
30 دسمبر سے 2 جنوری تک گلگت، اسکردو، دیامر، استور، ہنزہ اور دیگر بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ بالائی علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے، اور گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی ہے۔