Get Alerts

ایران کاآبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان

ایران کاآبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان

تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اسٹریٹجک گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیا گیا ہے اور فی الحال کسی بھی بحری جہاز کو اس راستے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر سپلائی ہونے والے خام تیل کا تقریباً بیس فیصد حصہ اسی گزرگاہ سے منتقل ہوتا ہے۔ محض 40 کلومیٹر چوڑی یہ سمندری پٹی عالمی توانائی کی ترسیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور ایران سمیت کئی بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک اپنی برآمدات کے لیے اسی راستے پر انحصار کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں، دنیا کا سب سے بڑا مائع قدرتی گیس (LNG) برآمد کرنے والا ملک قطر بھی اپنی گیس کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کو استعمال کرتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اوپیک کے رکن ممالک کی جانب سے ایشیائی منڈیوں کو خام تیل کی بڑی مقدار اسی گزرگاہ کے ذریعے بھیجی جاتی ہے، جس کے باعث اس کے بند ہونے سے عالمی منڈیوں میں شدید اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

ٹیگز: