واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی دباؤ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی بحری بیڑہ ایران کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے اور اب تہران کے پاس سمجھوتے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران کی جانب روانہ کیا جانے والا بحری بیڑہ انتہائی مہلک اور طاقتور ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ بحری بیڑہ اس فوجی قوت سے بھی کہیں زیادہ طاقتور ہے جو وینزویلا کے بحران کے دوران استعمال کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہاکہ امریکہ اپنی پوری فوجی صلاحیت کے ساتھ خطے میں موجود ہے، تاہم ہمیں امید ہے کہ ایران ڈیل کر لے گا۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ انٹیلی جنس ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ ایرانی قیادت موجودہ صورتحال میں مذاکرات کی خواہشمند ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق "ہماری انٹیلی جنس نے بتایا ہے کہ ایرانی قیادت اب مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔ ایران کو اب سمجھوتا کرنا ہوگا، اور ہمیں امید ہے کہ وہ ہم سے ڈیل کر لیں گے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیج میں تناؤ عروج پر ہے اور عالمی طاقتیں خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔