کیچ:ضلع کچ کے علاقے بالچامیں بدھ کی شام مبینہ طور پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے ایک خاتون کو اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ شام 4:30 سے 4:45 کے درمیان پیش آیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سفید کرولا گاڑی بالچا میں ایک گھر کے باہر آ کر رکی، جہاں مسلح افراد نے خاتون کو زبردستی گاڑی میں بٹھایا اور فرار ہو گئے۔
خاتون کے شوہر اور بھتیجے نے فوری طور پر اغوا کاروں کا پیچھا کیا اور نصیر آباد کے قریب گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران ایک مسلح شخص کلاشنکوف لیے گاڑی سے باہر نکلا، جبکہ دیگر مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر موقع پر پہنچ گئے۔مسلح افراد نے اہلِ خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے موبائل فون چھین لیے، جس کے بعد اغوا کار خاتون کو ساتھ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے دوران فائرنگ کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
سکیورٹی حکام کے مطابق اغوا کی یہ واردات دن دہاڑے منظم اور منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئی، جو علاقے میں عام شہریوں بالخصوص خواتین کو درپیش سنگین خطرات کی نشاندہی کرتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلح گروہوں کی ایسی کارروائیاں مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں۔
خاتون کی بحفاظت بازیابی اور اغوا میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ قریبی علاقوں میں ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے اور تمام ممکنہ پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔رپورٹ کے مطابق حکام نے واضح کیا ہے کہ عام شہریوں، خصوصاً خواتین کے اغوا اور تشدد جیسے جرائم کو کسی بھی سیاسی یا نظریاتی بنیاد پر جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں