کراچی: شہر قائد کے باسیوں کیلئے بری خبر ہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کیلئے بجلی کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے اضافے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی صدارت میں سماعت ہوئی جس دوران کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 11 روپے 39 پیسے کا اضافہ مانگا گیا ہے۔
کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ گزشتہ ماہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا، فرنس آئل اور آر ایل این جی سے پیداوار بڑھانے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہم یہاں انصاف کرنے بیٹھے ہیں، آپ پراجیکٹ کاسٹ پر اتھارٹی کے ساتھ بیٹھیں۔
نیپرا حکام نے کہا کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث 3 پلانٹس سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہوئی ہے اور 645 ملین کا اثر پڑا جبکہ گیس کا فلو دستیاب نہ ہونے کے معاملے پر سوئی سدرن کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ ہماری ٹیم کراچی جائے تو آپ کے تمام پلانٹس چلنے شروع ہو جاتے ہیں، بن قاسم پاور پلانٹ کو اصولی طور پر 2019ءمیں بند ہو جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے 11 روپے 39 پیسے اضافے کی درخواست دی گئی ہے لیکن اعداد و شمار کی جانچ پڑتال پر 11 روپے 37 پیسے بنتے ہیں۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 11 روپے 37 پیسے اضافے کی منظوری دیدی جبکہ اتھارٹی اعداد و شمار کی مزید جانچ پڑتال کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔