پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک سمیت دیگر مشہور سیاحتی مقامات پر داخلے سے قبل انٹری فیس وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب سیاحوں کو بغیر فیس ادا کیے ان مقامات پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، انٹری فیس کی وصولی کا مرکز حسام آباد پر قائم کیا جائے گا۔ مقررہ فیس میں بڑی گاڑیوں کے لیے 200 روپے، چھوٹی گاڑیوں کے لیے 100 روپے اور موٹر سائیکل کے لیے 20 روپے شامل ہیں۔ تاہم، مقامی افراد کو اس فیس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سیاحتی علاقوں کی مالی حالت کو بہتر بنانا اور سیاحوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو متوقع آمدنی ماہانہ لاکھوں روپے تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے علاقے میں ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔
سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ انٹری فیس کا نفاذ بورڈ آف گورنرز کی منظوری سے کیا گیا ہے اور جلد اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحتی مقامات کی صفائی اور سیکیورٹی میں بھی بہتری آئے گی۔