پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک اور دیگر سیاحتی مقامات کے دورے کے لیے انٹری فیس کی ادائیگی کو ضروری قرار دے دیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، کاغان ویلی سمیت متعلقہ سیاحتی مقامات پر جانے سے پہلے انٹری فیس ادا کرنا لازمی ہوگا۔ اس سلسلے میں حسام آباد کے مقام پر ایک فیس وصولی پوائنٹ قائم کیا جائے گا، جہاں بڑی گاڑیوں سے 200 روپے، چھوٹی گاڑیوں سے 100 روپے اور موٹر سائیکلوں سے 20 روپے فیس وصول کی جائے گی۔
حکومت کے اس فیصلے پر مختلف صارفین نے تنقید کی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ "سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دیں، اب بچا ہی کیا ہے"، جبکہ لائبہ عدنان نے تبصرہ کیا کہ "اگلے سال ان مقامات پر ویزہ لگوا کر جانا پڑے گا۔"
دستاویزات کے مطابق، انٹری فیس مقرر کرنے کی منظوری بورڈ آف گورنرز نے دی ہے اور اس کا مقصد سیاحتی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس فیصلے سے ماہانہ لاکھوں روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ تاہم، مقامی افراد اس فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔