اسلام آباد:ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے دوران پیش آنے والے حادثات میں مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 281 ہوچکی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق مون سون کے دوران اب تک 676 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 1,569 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ وار جانی نقصان کی تفصیل کچھ یوں ہے پنجاب: 151 جاں بحق، 535 زخمی، خیبرپختونخوا: 64 جاں بحق، 80 زخمی، سندھ: 27 جاں بحق، 40 زخمی، بلوچستان: 20 جاں بحق، 4 زخمی، گلگت بلتستان: 9 جاں بحق، 4 زخمی
آزاد کشمیر: 2 جاں بحق، 10 زخمی، اسلام آباد: 8 جاں بحق، 3 زخمی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 97 مرد، 50 خواتین اور 134 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 260 مرد، 193 خواتین اور 223 بچے شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔