کراچی: پاکستان کی سپرنٹر فائقہ ریاض نے کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 100 میٹر دوڑ میں 11.64 سیکنڈ کا وقت ریکارڈ کر کے نیا قومی ریکارڈ قائم کر دیا۔
فائقہ ریاض سیمی فائنل میں جگہ بنانے سے محض 0.12 سیکنڈ سے محروم رہیں، تاہم انہوں نے 11.81 سیکنڈ کا 16 سال پرانا قومی ریکارڈ توڑ دیا، جو 2010 سے قائم تھا۔
فائقہ اپنی ہیٹ میں تیسرے نمبر پر رہیں اور مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کے باوجود اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہ کر سکیں۔
انہوں نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ریکارڈ قائم کرنا ان کا بڑا ہدف تھا، جو انہوں نے حاصل کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں نہ پہنچنے کا افسوس ضرور ہوا، لیکن وہ اپنی کارکردگی پر مطمئن اور اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہیں۔
فائقہ نے اس کامیابی کا سہرا اپنے کوچز فیاض احمد اور گوہر شہباز کی رہنمائی اور مسلسل محنت کو دیا۔