مظفرآباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نشستوں پر ڈاکہ ڈالا گیا، تاہم پارٹی اپنے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
مظفرآباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ میرپور کی تمام 13 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کا خیال ہے کہ پیپلز پارٹی خاموش ہو کر بیٹھ جائے گی تو یہ ان کی بھول ہے، ہم اپنی 100 فیصد نشستیں واپس لینے کے لیے جدوجہد کریں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالیہ انتخابات میں بھی وہی طریقہ اختیار کیا گیا جو گزشتہ انتخابات میں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قومی مفاد کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی جماعت کے ذاتی مفاد کا ساتھ نہیں دے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ مسلم لیگ (ن) کا مفاد اہم ہے یا قومی مفاد۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے اور عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔