ابوظہبی ایئرپورٹ پر ریچا چڈھا بنی بھوکے پیاسے مسافروں کی مسیحا

ابوظہبی ایئرپورٹ پر ریچا چڈھا بنی بھوکے پیاسے مسافروں کی مسیحا

ابوظہبی: بالی وڈ اداکارہ ریچا چڈھا ابوظہبی ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے مسافروں کی مسیحا بن گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ریچا چڈھا اپنی فلم کی شوٹنگ کیلئے ممبئی سے امریکہ جا رہی تھیں کہ متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے باعث متعدد فلائٹس معطل کر دی گئیں۔ جس کے باعث ایئر پورٹ پر بھارت سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ جن میں مرد، عورتیں، بچے اور بیمار لوگ بھی شامل تھے۔

مسافروں کا سب سے بڑا مسئلہ مقامی کرنسی نہ ہونا تھا جس کی وجہ سے وہ وہاں خریداری کرنے سے قاصر تھے۔ بھوکے اور پیاسے مسافروں کیلئے اداکارہ ریچا چڈھا نے آواز اٹھائی اور ان لوگوں کی مدد کیلئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور بھارتی وزیر سشما سوراج کو بھی ٹوئٹ کیا کہ بزرگوں ، مریضوں اور عورتوں کیلئے متحدہ عرب امارات کے ویزے جاری کئے جائیں تاکہ وہ شہر میں جا کر رہائش اختیار کر سکیں۔

ان کی ٹوئٹ پر فوراً ایکشن ہوا اور مسافروں کو کچھ ہی دیر میں امداد اور کھانے پینے کی چیزیں فراہم کی گئیں۔ واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ ریچا چڈھا اپنی فلم ”لو سونیا“ کی شوٹنگ کیلئے امریکہ جا رہی تھیں۔