فردوس عاشق اعوان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی خواہشمند؟

فردوس عاشق اعوان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی خواہشمند؟

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 
نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ ہفتے لندن میں نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کرنے والے معروف گلوکار وارث بیگ کے ذریعے اپنا پیغام پہنچایا تاہم انہیں ابھی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ (ن) لیگ میں شامل ہونا چاہتی ہیں تاہم انہوں نے سیالکوٹ میں ٹکٹ کا مطالبہ نہیں کیا۔ 
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے فردوس عاشق اعوان کے معاملے پر 10 منٹ تک بات چیت کی لیکن انہیں ابھی کوئی یقین دہانی نہیں کروائی گئی اور اتنا ہی کہا گیا کہ اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کی قیادت سے رابطہ کیا جائے گا۔ 
دوسری جانب نجی ٹی وی کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان سے جب پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خواہش اور اس سلسلے میں (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت سے رابطے کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے اسے ’جھوٹی خبر‘ قرار دیا۔ 

مصنف کے بارے میں