اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈ کوارٹرز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے جاری مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کے معیار کو سراہتے ہوئے حکام کو ہدایت کی کہ تمام جاری سرگرمیوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ ادارے کے کام کرنے کے ماحول اور استعدادِ کار میں اضافہ ہو سکے۔
محسن نقوی کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے 'زیرو ٹالرنس' پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے واضح الفاظ میں کہا سرکاری اداروں میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایف آئی اے بدعنوان عناصر کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کریک ڈاؤن کرے تاکہ عام آدمی کا ریاست پر اعتماد بحال ہو۔
انسانی اسمگلنگ اور جعلی بھرتیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے محسن نقوی نے حکم دیا کہ بیرونِ ملک ملازمت کے تمام اشتہارات کی آن لائن نگرانی (Online Monitoring) کو لازمی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے اشتہارات کی تصدیق کا نظام فول پروف ہونا چاہیے تاکہ کوئی بھی غیر قانونی ایجنٹ لوگوں کی جمع پونجی نہ لوٹ سکے۔