تین سالہ اقتدار نے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کردیا: بلاول بھٹو

تین سالہ اقتدار نے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کردیا: بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تین سالہ اقتدار نے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کردیا ہے ۔ پاکستان کے 16 فیصد عوام غربت کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا کے حصول تک میں مشکلات کا شکار ہیں ۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پاکستانی عوام حکومت سے روٹی ، کپڑا اور مکان مانگ رہی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان عوام سے یہ سب سہولتیں چھین رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے جس کی معاشی پالیسیاں عوام دوست ہیں ، مستقبل میں نوجوانوں کو اگر کوئی روزگار فراہم کرسکتا ہے تو وہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہے ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج وقت نے پھر ثابت کردیا کہ اُن کی پارٹی کی معاشی اور زرعی پالیسیاں ملک کے بہترین مفاد میں رہی ہیں ۔ عمران خان تین سالوں میں تیسرا مشیر خزانہ لے آئے ، ایف بی آر کے چار اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے تین چیئرمین بدل دئیے مگر خان صاحب معیشت میں سدھار نہ لاسکے ، تین سالوں میں چوتھا سیکرٹری تجارت بھی بدل دیا مگر تبدیلی سرکار عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہوئی ۔

بلاول بھٹو نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب! ملکی معیشت کسی کو ہٹانے یا لگانے سے بہتر نہیں ہوتی بلکہ قائدانہ صلاحیتوں سے ملک آگے بڑھتا ہے ۔ آپ کی ٹیم ورک کا یہ عالم ہے کہ معاشی ٹیم ایک دن فیصلہ کرتی ہے اور اگلے دن کابینہ اس فیصلے کو مسترد کر دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تین سالہ اقتدار نے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کردیا ، عوام سمجھ چکے ہیں کہ ان کو تبدیلی کے نام پر دھوکا دینے کی کوشش کی گئی ۔ 90 روز میں سب اچھا کردینے والے عمران خان آج 33 ماہ اور 11 دن گزرنے کے بعد بھی کچھ نہ کرسکے اور اگلے 813 دنوں میں بھی وہ کچھ نہیں کرسکیں گے ۔ سائیکل والے وزیراعظم کے قصے سنا کر عمران خان نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی اور ملک کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ۔