Get Alerts

یومِ تکبیر : مسلح افواج کی پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش

یومِ تکبیر : مسلح افواج کی پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش

راولپنڈی : یومِ تکبیر کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں اس دن کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنگِ میل قرار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  28 مئی 1998 وہ دن ہے جب پاکستان ایک ایٹمی طاقت کے طور پر دنیا کے سامنے آیا۔ یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد اور پُرامن بقا کے لیے مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت کو ایک قومی امانت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ عوام کی امنگوں کی سچی عکاسی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یومِ تکبیر ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کتنی بڑی قربانیاں دی ہیں۔ مسلح افواج نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر خطرے کے خلاف چٹان کی طرح کھڑا ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے، اور یہ نہ صرف ملکی سلامتی بلکہ خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے۔

مسلح افواج کے ترجمان نے اس موقع پر سائنسدانوں، انجینئرز، اور ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی کامیابی میں کردار ادا کیا اور ملک کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

ٹیگز: