لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکے نہ صرف ملکی سلامتی کی ضمانت ہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے باعثِ فخر بھی ہیں۔
اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ 27 سال گزرنے کے بعد بھی پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے اور یہ ہمیشہ بلند رہے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دشمن کبھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو جب چاغی کے پہاڑوں میں "نعرۂ تکبیر" گونجا، تو وہ آواز آج بھی وطن کی فضاؤں میں گونج رہی ہے۔ یہ دن صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے بھی ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ پاکستان کو دنیا کی پہلی مسلمان ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج بھی اُن کی قیادت کو سلام پیش کرتی ہے، جن کے فیصلے کی بدولت پاکستان ناقابلِ تسخیر بنا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب بھی پاکستان کو دشمن کے مقابلے میں منہ توڑ جواب دینا پڑا، اس وقت ملک میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے صرف طاقت کا مظاہرہ نہیں تھے، بلکہ ایک پرامن، خودمختار اور محفوظ پاکستان کی طرف بڑا قدم تھے۔ یومِ تکبیر ہمیں اپنے اتحاد، عزم اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔