اسلام آباد : پاکستان نے حالیہ دفاعی کارروائی میں دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے کر نہ صرف اپنی خودمختاری کا تحفظ کیا بلکہ اپنی جدید دفاعی صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا۔ "معرکہ بُنیان مَّرْصُوْص" کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کے 6 جدید لڑاکا طیارے تباہ کیے، جن میں بھارت کے تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
کارروائی کے دوران زمین سے زمین تک مار کرنے والے جدید ہتھیار، فتح راکٹ سسٹم نے بھی دشمن کو کاری ضرب لگائی۔ مقامی سطح پر تیار کردہ اس جدید راکٹ نظام نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان اب جدید ٹیکنالوجی میں خود کفیل ہو چکا ہے اور کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتح راکٹ سسٹم ایک گائیڈڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم ہے، جو 140 سے 700 کلومیٹر تک فاصلے پر موجود دشمن کے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فتح ون بیک وقت 8 مختلف راکٹس سے 8 اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے، فتح ٹو میں جدید ایویونکس اور نیویگیشن سسٹمز شامل ہیں،
فتح تھری کی مار 450 کلومیٹر اور فتح فور کی رینج 700 کلومیٹر ہے، جو اسے خطے میں ایک اہم دفاعی برتری فراہم کرتی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتح راکٹ سسٹم جیسے جدید ہتھیار نہ صرف پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتے ہیں بلکہ دشمن کے جدید دفاعی نظام کو بھی ناکارہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ کارروائی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اللہ کی مدد، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت سے لیس ہیں، اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔