کالاچین: آذربائیجان کے شہر کالاچین میں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی موجودگی نے آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل تھے۔
صدر الہام علیوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور ترکیہ و پاکستان کے سربراہان کی تقریب میں شرکت کو ’’تینوں ممالک کے درمیان گہری اور پائیدار دوستی کی علامت‘‘ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعاون وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے اور مستقبل میں اس شراکت داری کے نئے باب کھلیں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی نے تقریب کو ایک بین الاقوامی اہمیت بخشی، جو علاقائی اتحاد اور مسلم دنیا کے باہمی روابط کی نئی جہت کو اجاگر کرتی ہے۔
آذربائیجان، ترکیہ اور پاکستان کے مابین دفاعی، اقتصادی اور سفارتی سطح پر قریبی تعلقات ہیں، اور اس تقریب نے ان روابط کو ایک نئی توانائی دی ہے۔