واشنگٹن/تہران (مانیٹرنگ ڈیسک): امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جہاں جنگ بندی کے باوجود امریکی افواج نے ایران پر دوسرا بڑا حملہ کر دیا ہے۔ امریکی حکام نے باقاعدہ دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے اہم ساحلی شہر بندر عباس میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اس کارروائی کے دوران ایران کے متعدد ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ حکام کا مؤقف ہے کہ اس حملے کا بنیادی مقصد خطے میں تجارتی جہازوں کی سکیورٹی کو لاحق شدید اور مستقل خطرات کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کرنا ہے۔
امریکی عسکری ذرائع نے تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے بحیرہ عرب یا خلیج کے پانیوں میں ایک امریکی تجارتی جہاز پر 4 ڈرون فائر کیے تھے، تاہم امریکی فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی مار گرایا، جس کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر بندر عباس میں فوجی تنصیبات پر بمباری کی گئی۔ اس تازہ ترین حملے کے بعد خطے میں جنگ کے بادل ایک بار پھر گہرے ہو گئے ہیں۔