لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی براہِ راست نگرانی میں عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی صوبے بھر میں عید آپریشن کلین اپ پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ لاہور میں قائم مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے صوبے بھر کی صورتحال کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
کنٹرول روم میں سوشل میڈیا اور آفیشل ہیلپ لائن پر آنے والی عوامی شکایات کا فوری جائزہ لے کر موقع پر ہی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ اور 'ستھرا پنجاب' کی ٹیمیں صفائی کا نیا ریکارڈ قائم کرنے کے عزم کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں، جبکہ مہم کی دو روز کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پیش کر دی گئی ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، حافظ آباد، سیالکوٹ، اوکاڑہ، جہلم اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے تمام شہروں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے کا کام عید کے دوسرے روز بھی تیزی سے جاری ہے۔