حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی : ریاض حسین پیرزادہ

حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی : ریاض حسین پیرزادہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی کے خواہاں ہیں۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر میڈلز جیتنے والے ہمارے ہیرو ہیں اور ملک کا نام روشن کرنے والوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی بھی یہی خواہش ہے کہ ملک میں کھیلوں کے میدان زیادہ سے زیادہ آباد ہوں، وزیراعظم نے کھیلوں کے حوالے سے اجلاس بلایا ہے اور اجلاس میں قائداعظم بین الصوبائی گیمز کے انعقاد کے حوالہ سے فنڈز کے مسئلہ پر بات کی جائے گی جبکہ جو گیمز زیادہ میڈلز لائیں گی ان پر فوکس کیا جائے گا، بہتر نتائج کیلئے 6 کھیلوں کو ٹارگٹ کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ لیاقت جمنازیم کی چھت کو بہتر بنایا ہے جبکہ سپورٹس کمپلیکس کی بہتری اور تزئین و آرائش کیلئے فنڈز درکار ہیں، تمام صوبوں کے کھلاڑیوں کو طویل عرصہ کیلئے کیمپس کی سہولیات فراہم کریں گے۔ ہاکی کا دوسرا گرائونڈ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ یہاں پر ہاکی اکیڈمی کا قیام ممکن ہو سکے، اس گرائونڈ کیلئے آسٹرو ٹرف کا پی سی ون تیار کرکے بھجوا رہے ہیں، گوجرہ میں بلیو آسٹرو ٹرف بچھا دی گئی ہے۔