کرکٹ سے دور کرنے کیلئے زہر دیا گیا،ریکوری میں 7 سال لگے ، اب دوبارہ سے کھیلوں گا: عمران نذیر

کرکٹ سے دور کرنے کیلئے زہر دیا گیا،ریکوری میں 7 سال لگے ، اب دوبارہ سے کھیلوں گا: عمران نذیر

لاہور : سابق کرکٹر عمران نذیر نے انکشاف کیاہے کہ انہیں کرکٹ سے دور کرنے کیلئے زہر دیا گیا تھا۔ریکوری میں 7 سال لگے ہیں اب دوبارہ سے کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ 

عمران نذیر نے اپنے ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دوبارہ کرکٹ کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ ہونا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اگر فٹنس لیول حاصل کرتا ہوں تو کیوں اعلیٰ سطح پر کرکٹ نہیں کھیل سکتا، میں چونکہ بہت عرصہ کرکٹ سے باہر رہا ہوں اس لیے مجھے فٹنس کے لیے تھوڑا وقت لگے گا۔

عمران نذیر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اور مجھے یقین بھی ہے کہ اگر میں فٹنس اور کرکٹ اسکلز پر ایک دو ماہ کام کروں تو اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں دوبارہ صحت مند ہوا ہوں تو پھر مجھے اللّٰہ کِھلا بھی سکتا ہے، میں ضرور ایک دن اچھے لیول کی کرکٹ کھیلوں گا۔

عمران نذیر نے بتایا کہ میری سِلو پوائزننگ کی گئی، اس کے لیے میں کسی کا نام نہیں لوں گا بس ان کے لیے دعا کروں گا، میری ری کوری میں بہت ٹائم لگا، 7 سال بعد کرکٹ کے میدان میں آیا، یہ میری زندگی کا ایک ڈراؤنا خواب تھا جسے اب میں بھلا چکا ہوں۔

واضح رہے کہ عمران نذیر 8 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ اکتوبر 2012ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔


 

مصنف کے بارے میں