اسلام آباد :ترجمان دفترِ خارجہ طاہرحسین اندرابی نے بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے سندھ سے متعلق بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے شرمناک، اشتعال انگیز اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات بھارت کے اندرونی سیاسی اور سماجی خلفشار سے دنیا کی نظریں نہیں ہٹا سکتے۔
میڈیا بریفنگ میں ترجمان نے امریکا میں افغان شہری کی جانب سے فائرنگ کے حادثے کی بھی شدید مذمت کی اور اسے دہشت گردی کا واضح عمل قرار دیا۔ پاکستان نے متاثرہ خاندانوں، امریکی حکومت اور عوام کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان گزشتہ دو دہائیوں کے دوران مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنتا رہا ہے، اور ملک کے اندر ہونے والے متعدد حملوں کے تانے بانے افغانستان سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں پیش آنے والا واقعہ بھی سرحد پار دہشت گردی کے خطرات کی ایک اور واضح یاد دہانی ہے۔