انقرہ: ترکیہ کے مغربی حصے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ زلزلے کے جھٹکے استنبول، بورصہ، مانیسا اور ازمیر سمیت کئی دیگر شہروں میں محسوس کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز بالیکسیر صوبے کے قصبے سندرگی میں تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 6 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے باعث سندرگی میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہری خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ زلزلہ اسی علاقے میں اگست میں آنے والے 6.1 شدت کے زلزلے کے بعد دوسرا بڑا جھٹکا تھا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے ترکیہ میں 2023ء میں آنے والے ہولناک زلزلے میں 55 ہزار سے زائد افراد کی جانیں ضائع ہو گئی تھیں۔