Get Alerts

جدہ ساحل سمندر پر عظیم الشان شہر کی تعمیر ہو گی 

جدہ ساحل سمندر پر عظیم الشان شہر کی تعمیر ہو گی 

ریاض :سعودی عرب کا سرکاری سرمایہ کاری فنڈ جدہ میں ساحل سمندر پر ایک نیا شہر بسانے کے منصوبے پر کام کرے گا۔جس میں پاکستانیوں کیلئے خاص بلاک بنایا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق اس منصوبے کے تحت رہائشی ، سیاحتی اور تجارتی مراکز تعمیر کئے جائیں گے اور پہلے سے موجود جگہوں اور عمارات کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔اس منصوبے کے تحت آئندہ 10 سال کے دوران 18 ارب سعودی ریال کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور اس سے 36 ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔


اس منصوبے کا مقصد ایسا امتیازی اور پرکشش ماحول پیدا کرنا ہے جس کا مقصد جدہ کو دنیا کے ایک سو بڑے شہروں میں سے ایک بنانا ہے۔جدہ الجدید کے اس منصوبے میں تفریح گاہیں بنائی جائیں گی، ایسے خریداری اور تجارتی مراکز تعمیر کیے جائیں گے جہاں تک شہریوں اور زائرین کی با آسانی رسائی ہو۔منصوبے کے تحت بارہ ہزار نئے مکانات یا رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے اور وہاں 58 ہزار نئے مکین قیام پذیر ہو سکیں گے۔


یہ شہری منصوبہ پچاس لاکھ مربع میٹر پر محیط ہوگا۔یہ 6 بڑے حصوں میں تقسیم ہوگا۔ان میں نئے مکانات ، نئے عجائب گھر ،ثقافتی ، سماجی اور کاروباری مراکز ، باغات ، تفریحی پارک ، کھیلوں کے میدان ، ہوٹل اور مہمان نوازی کے مراکز ،دکانیں اور ساحل سمندر پر لوگوں کے لیے سیر گاہیں شامل ہیں۔اس وقت اس منصوبے پر ابتدائی کام جاری ہے اور اس پر 2019 میں تعمیراتی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔یہ منصوبہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے مطابق وضع کیا گیا ہے۔

ٹیگز: