لاہور : پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حفاظتی بندوں کی تعمیر اور مرمت کا کام ریکارڈ مدت میں مکمل کر لیا ہے۔
مظفر گڑھ کے نواحی علاقے نوراجہ بھٹہ بند کی مکمل بحالی کر دی گئی ہے، جہاں سیلاب کے باعث پڑنے والے 1250 فٹ طویل شگاف کو پر کر کے بند کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ اب یہ حفاظتی بند 3450 فٹ تک مضبوطی سے تعمیر کیا جا چکا ہے۔
اسی طرح موٹروے کے قریب حافظ والا میں 23 ہزار فٹ طویل ڈسٹری بیوٹری ٹریک کی مرمت مکمل ہو گئی ہے، جبکہ دو سڑکوں پر پڑنے والے 410 فٹ شگاف بھی بھر دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق، سیلاب متاثرہ مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 33,700 فٹ طویل شگاف پر کرنے کا کام جاری ہے، جس کا 80 فیصد سے زائد حصہ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی کام بھی جلد مکمل ہونے کی توقع ہے۔مزید برآں، چوتھے نہر پر پڑنے والے 283 فٹ طویل شگاف کی بھی مرمت مکمل کر لی گئی ہے۔