کیلیفورنیا: معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ سلینا گومز اور مشہور میوزک پروڈیوسر بینی بلانکو رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ شادی کی شاندار تقریب گزشتہ روز کیلیفورنیا میں منعقد ہوئی، جس میں قریبی دوستوں اور کئی معروف پاپ اسٹارز نے شرکت کی۔
تقریب کی خاص بات سلینا گومز کی بہترین دوست اور سپر اسٹار گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی موجودگی تھی، جنہوں نے اس خاص دن کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سلینا گومز نے انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کا ایک خوبصورت سلائیڈ شو "9.27.25" کی تاریخ کے کیپشن کے ساتھ شیئر کیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔ تصاویر میں 33 سالہ سلینا گومز کو سفید عروسی لباس میں اور 37 سالہ بینی بلانکو کو ٹکسڈو میں دیکھا جا سکتا ہے۔
نوبیاہتا جوڑے نے اپنے خصوصی دن کے لیے معروف فیشن برانڈ رالف لارین کے تیار کردہ عروسی ملبوسات کا انتخاب کیا۔
واضح رہے کہ سلینا گومز اور بینی بلانکو کے درمیان تعلقات کا آغاز 2023 میں ہوا تھا، جبکہ دونوں نے دسمبر 2024 میں اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔
مداحوں کی جانب سے جوڑے کو نئے سفر کی شروعات پر مبارکباد دی جا رہی ہے، اور سوشل میڈیا پر "Selena & Benny" کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔