Get Alerts

واٹس ایپ ویب براؤزر پر ویڈیو اور آڈیو کال کے فیچر کی آزمائش شروع

واٹس ایپ ویب براؤزر پر ویڈیو اور آڈیو کال کے فیچر کی آزمائش شروع

کیلیفورنیا  :  دنیا بھر میں مقبول انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کیلئے ایک بڑی سہولت متعارف کروانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق واٹس ایپ ویب براؤزر پر استعمال کرنے والے صارفین کو جلد ہی آڈیو اور ویڈیو کال کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

فی الوقت واٹس ایپ ویب پر صارفین محدود پیمانے پر کالنگ فیچر استعمال کر سکتے ہیں، تاہم یہ سہولت ہر صارف کیلئے دستیاب نہیں ہے۔ واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی معتبر ویب سائٹس کے مطابق، واٹس ایپ کی تکنیکی ٹیم اس وقت اس نئے فیچر پر کام کر رہی ہے جس کے تحت صارفین بغیر ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کیے، صرف ویب براؤزر کے ذریعے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ سے آڈیو اور ویڈیو کال کر سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق، فیچر کی آزمائش کا ابتدائی مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے جس میں محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔ اگلے مرحلے میں اس فیچر کو مزید صارفین تک بڑھایا جائے گا اور کامیاب آزمائش کے بعد اسے تمام صارفین کیلئے جاری کر دیا جائے گا۔

نئے فیچر کی بدولت صارفین کو مزید سہولت حاصل ہوگی اور وہ موبائل فون کے بغیر بھی واٹس ایپ پر براہ راست کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ذریعے رابطہ قائم کر سکیں گے۔ یہ اپڈیٹ خاص طور پر دفاتر اور آن لائن میٹنگز کرنے والے افراد کیلئے ایک کارآمد اضافہ ثابت ہوگی۔

واٹس ایپ کی جانب سے اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں یہ سہولت عام صارفین کیلئے دستیاب ہو جائے گی۔

ٹیگز: