کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے ویب ورژن کے صارفین کے لیے طویل عرصے سے مطالبہ کیے جانے والے فیچر کو متعارف کروا دیا ہے، جس کے تحت اب ویب صارفین بھی آڈیو اور ویڈیو کالز کر سکیں گے۔
اس وقت واٹس ایپ کی موبائل ایپس اور ونڈوز و میک ڈیسک ٹاپ ایپس میں آڈیو اور ویڈیو کالنگ ممکن ہے، مگر ویب ورژن میں یہ سہولت دستیاب نہیں تھی۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، یہ فیچر ابھی محدود بیٹا صارفین کے لیے فعال کیا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ کالز کے ساتھ اسکرین شیئرنگ بھی کر سکیں گے، جو ویب ورژن کے لیے ایک اہم اپ ڈیٹ ہے۔
اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا اور ابتدائی طور پر یہ صرف ون آن ون چیٹس میں کالنگ کے لیے دستیاب ہے۔ رپورٹ کے مطابق، جلد ہی اسے بڑے پیمانے پر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ویب ورژن میں کالز بھی موبائل ایپ کی طرح اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوں گی اور کالنگ کے لیے سگنل پروٹوکول استعمال کیا جائے گا، جسے واٹس ایپ 2016 سے استعمال کر رہی ہے۔
یہ اپ ڈیٹ واٹس ایپ ویب کو ذاتی اور پیشہ ورانہ رابطے کے لیے مکمل طور پر فعال پلیٹ فارم بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔