Get Alerts

واٹس ایپ ویب میں آڈیو اور ویڈیو کالنگ فیچر متعارف، متعدد نئے آپشنز بھی شامل

واٹس ایپ ویب میں آڈیو اور ویڈیو کالنگ فیچر متعارف، متعدد نئے آپشنز بھی شامل

کیلیفورنیا: میٹا نے واٹس ایپ کے ویب ورژن کے لیے آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے بعد صارفین براہِ راست براؤزر کے ذریعے بھی کالز کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق واٹس ایپ ویب میں اب آڈیو اور ویڈیو کالز کے ساتھ ری ایکشنز، اسکرین شیئرنگ اور ایک نیا کالز ٹیب بھی شامل کر دیا گیا ہے، جہاں صارفین اپنی کال ہسٹری آسانی سے دیکھ سکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ ویب ورژن پر کی جانے والی تمام کالز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے، جبکہ صارفین کو کال کے دورانیے پر کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں ہوگا۔

نئے فیچرز کے تحت صارفین جاری کال کو بغیر کسی رکاوٹ کے ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس پر منتقل بھی کر سکیں گے۔ یعنی کال موبائل ایپ سے واٹس ایپ ویب یا ڈیسک ٹاپ ایپ پر، اور وہاں سے دوبارہ کسی دوسری ڈیوائس پر جاری رکھی جا سکے گی۔

کمپنی نے کالنگ کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے Noise Suppression فیچر بھی شامل کیا ہے، جو کال کے دوران پس منظر کی غیر ضروری آوازوں کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

میٹا کے مطابق ویڈیو کالز اب خودکار طور پر ایچ ڈی (HD) کوالٹی میں شروع ہوں گی، جس سے صارفین کو زیادہ واضح اور بہتر ویڈیو کالنگ کا تجربہ حاصل ہوگا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ان نئے فیچرز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور انہیں مرحلہ وار دنیا بھر کے تمام صارفین تک پہنچایا جائے گا۔

ٹیگز: