Get Alerts

پی ایس ایل 10:سلطانز کی بیٹنگ لائن کا بُرا حال، کوئٹہ نے 89 رنز پر نمٹا دیا

پی ایس ایل 10:سلطانز کی بیٹنگ لائن کا بُرا حال، کوئٹہ نے 89 رنز پر نمٹا دیا

لاہور : پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن کے 18ویں مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے بیٹنگ لائن اپ کو تہس نہس کر دیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان کی پوری ٹیم صرف 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اور کوئٹہ کو جیت کے لیے محض 90 رنز کا آسان ہدف ملا۔

ملتان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ خرم شہزاد نے پہلے اوور میں یاسر خان کو صرف 5 رنز پر آؤٹ کیا، اور اسی اوور میں عثمان خان کو صفر پر پویلین بھیج کر سٹنڈ پر سناٹا طاری کر دیا۔

خرم شہزاد نے اپنے اگلے اوور میں مزید دو شکار کیے، جب انہوں نے کامران غلام (3) اور کرٹس کیمفر (4) کو ٹھکانے لگایا۔ اس وقت ملتان کا اسکور محض 20 رنز پر 4 وکٹ ہو چکا تھا۔

کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد نے کچھ مزاحمت دکھانے کی کوشش کی، مگر فہیم اشرف نے افتخار کو 6 رنز پر قابو کر کے ملتان کی مشکلات بڑھا دیں۔ انہوں نے اگلی وکٹ بھی حاصل کی، جب مائیکل بریسویل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

محمد وسیم جونیئر نے ڈیوڈ ویلی کو 60 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ کیا۔ رائلی روسو کی پھرتیلی فیلڈنگ نے اسامہ میر کو 11 رنز پر رن آؤٹ کر دیا، جبکہ محمد حسنین بھی رن آؤٹ ہو کر میدان سے واپس لوٹ گئے۔

محمد رضوان نے ایک سرے پر جم کر بیٹنگ کی اور 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، لیکن انہیں کسی دوسرے بلے باز کا خاطر خواہ ساتھ نہ ملا۔ پوری ٹیم 17 اوورز میں 89 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹیگز: