واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کامیابیوں کا بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے اس مخصوص حریف کو عسکری طور پر شکست دے دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائٹ ہاؤس میں برطانوی بادشاہ چارلس اور ملکہ کمیلا پارکر کے اعزاز میں دیے گئے سرکاری عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر ٹرمپ نے تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ایران کے خلاف مہم میں امریکہ کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ نے اس حریف کو میدانِ جنگ میں شکست سے دوچار کر دیا ہے۔واشنگٹن کسی بھی قیمت پر ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ برطانوی بادشاہ چارلس بھی اس معاملے پر ان سے ہم آہنگ ہیں۔امریکی صدر نے برطانیہ اور امریکہ کے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ کمیونزم، فاشزم اور جبر کی قوتوں کے خلاف مل کر لڑے اور سرخرو ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجز کے خلاف بھی دونوں اتحادی ایک ساتھ کھڑے ہیں۔